بنگلورو28؍ جنوری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ ٹمکور ضلع سد گنگا مٹھ کے ڈاکٹر شیوکمار سوامی جی کے پیدائشی مقام ویرا پور اور آدی چن چن گری مٹھ کے ڈاکٹر بال گنگادھر ناتھ سوامی جی کے پیدائشی گاؤں بانندور کی ہمہ جہت ترقی کی جائے گی۔
رام نگرم میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیوکمار نے اس خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے حلقہ اسمبلی کے ماتحت آنے والے آنجہانی شیوکمار سوامی کے پیدائشی مقام ویرا پور کو گود لیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس گاؤں کی پہلے تھوڑی بہت ترقی کی تھی اب مکمل طور پر ترقی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شیوکمار نے کہا کہ بانندور اور ویراپور دو عظیم شخصیتوں کی جائے پیدائش ہیں اور ریاست کی دو آنکھ کی مانند ہیں، اس لئے ان گاؤں کی ترقی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہو ں نے کہا کہ ڈاکٹر شیو کمار سوامی جی کو بھارت رتن اعزاز سے نوازنے کے سلسلہ میں اسمبلی میں ایک قرار داد منطور کی جائے گی۔اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ نے اعلان کردیا ہے ،اراکین پارلیمان نے بھی رضا مندی ظاہر کی ہے اس طرح مرکز پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ایگل ٹن ریسارٹ میں کانگریس اراکین اسمبلی کے درمیان ہاتھا پائی کے تعلق سے شیوکمار نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا ،تاہم آئندہ احتیاط برتی جائے گی اور آنند سنگھ اب روبہ صحت ہیں ،جبکہ پارٹی اس سلسلہ میں قانونی کارروائی کرے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ میکے داٹو پراجیکٹ کے لئے 9؍ ہزار کروڑ کی پلاننگ رپورٹ مرکز کو پیش کی گئی ہے۔